غسل کعبہ ، سعودی فرمانروا کی نیابت کرتے ہوئے نائب گورنر مکہ مکرمہ نے اعزاز حاصل کیا
مکہ مکرمہ (محمد اکرم اسد) مسجد الحرام میں غسل کعبہ کی سالانہ بابرکت روح پرور تقریب میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی نمائندگی کرتے ہوئے نائب گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز آل سعود نے کعبتہ اللہ کو غسل دینے کا اعزاز حاصل کیا۔
غسل کعبہ کی رسم کے موقع پر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے۔ حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلیٰ امام وخطیب حرم کعبہ فضیلتہ الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمن’ السدیس، اسلامی ملکوں کے سفارتکاروں، علما، شاہی خاندان کے افراد اور منتخب شخصیات نے غسل کعبہ میں شرکت کی۔
شہزادہ سعود بن مشعل نے مسجد حرام آمد کے بعد پہلے بیت اللہ شریف کا طواف کیا اور دو رکعت نوافل ادا کیے۔ اس کے بعد نائب گورنر مکہ مکرمہ نے خانہ کعبہ کو غسل دینے کا آغاز کیا اس موقعہ پر کعبہ شریف کی دیواروں کو آب زم زم اور خالص عرق گلاب سے دھونے کے بعد عود اور دیگر خوشبو یات سے معطر کیا گیا۔
خانہ کعبہ شریف کو غسل دینے کی تقریب میں شرکت کرنے والوں میں حج و عمرہ کے وزیر اور حرمین شریفین کی دیکھ بھال کے نگران ادارے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے سربراہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ، حرمین شریفین کے مذہبی امور کے سربراہ، امام وخطیب حرم کعبہ فضیلتہ الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمن’السدیس ، مسجد نبویﷺ شریف کے امام وخطیب فضیلتہ الشیخ احمد الحذیفی، موزن الشیخ اسامہ اخضرّ ، دیگر ائمہ کرام، شیخ بدر الترکی، شیخ قرافی، شیخ برہجی، رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ، کلید کعبہ ’’سدنہ‘‘ کے ارکان اور متعدد مسلمان ممالک کے سفیروں نے شرکت کی