کھیلوں کی مشہور عُمانی شخصیت شعیب محمد الزدجالی کی شاندار پذیرائی, سرمایہ افتخار ہیں، چوہدری محمد اسلم
دبئی (طاہر منیر طاہر) ثقافت، کھیل اور نوجوانوں کے امور کی عمانی وزارت میں کھیلوں کے شعبے میں اینٹی ڈوپنگ ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ اور اینٹی ڈوپنگ ٹیسٹ کے خصوصی ماہر کے طور پر بہترین اور دیرینہ کارکردگی کے حوالے سے بین الاقوامی سطح پر نمایاں شہرت کے حامل عمانی نوجوان شعیب محمد الزدجالی گزشتہ دنوں پاکستان آئے۔ وہ پانچ اولمپک اور چھ ایشیائی اولمپک مقابلوں کی نگرانی کر چکے ہیں۔ شعیب محمد الزدجالی اولمپک کونسل آف ایشیا کے رکن بھی ہیں۔ اپنے مثالی کیریئر کے دوران میں وہ عالمی شہرت یافتہ کھلاڑیوں ارشد ندیم، کرسٹیانو رونالڈو، لیونل میسی، ایڈنسن کاوانی اور شعیب اختر کے ڈوپنگ ٹیسٹوں کا قابل فخر اعزاز بھی حاصل کرچکے ہیں۔ علاوہ ازیں وہ سرکردہ عمانی ماہر قانون، بانی محمد ابراہیم لا فرم، سابق ممبر مجلس الشوریٰ عمان اور گلف لائرز یونین کے سیکرٹری جنرل، الشیخ ڈاکٹر محمد ابراہیم الزدجالی کے فرسٹ کزن بھی ہیں۔ شعیب محمد الزدجالی کی پاکستان آمد پر بھکر کے ممتاز و معروف انٹرنیشنل صنعتکار، بزنسمین، سماجی و سیاسی رہنما، الکرم پیپر ملز لاہور کے چیئرمین اور عمان میں 1976 سے بسلسلہ کاروبار مقیم اور وہاں پاکستان اسکول صحار کے بانی الحاج چوہدری محمد اسلم نے کھیلوں کے ضمن میں ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں ان کے اعزاز میں لاہور میں اپنی قیام گاہ پر پرتکلف ضیافت کا اہتمام کیا، تحائف سے ان کی پزیرائی کی اور تحسین و ستائش بھی کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ شعیب محمد الزدجالی عمان کے لئے سرمایہ افتخار ہیں۔ شعیب محمد الزدجالی نے اپنے پرتپاک خیر مقدم اور بھرپور قدر و منزلت کے لئے ان کا دلی طور پر شکریہ ادا کیا۔ معروف بزنسمین چوہدری محمد فہد اسلم اور فہد نواز چیمہ بھی استقبالیہ تقریب میں موجود تھے۔