آئین کی اصل روح کے مطابق اقتدار کا سرچشمہ عوام ہیں، وزیراعظم
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 جون 2026ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ’عالمی یومِ پارلیمان‘ کے موقع پر قوم اور عالمی برادری کے نام اپنے خصوصی پیغام میں جمہوری اداروں کے استحکام، آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور فیصلہ سازی میں عوام کی بامعنی شمولیت کے لیے پاکستان کے پختہ اور غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ آئینِ پاکستان ملک میں جمہوری نظام اور اقدار کی سب سے بڑی ضمانت ہے، آئین کی اصل روح یہی ہے کہ اقتدار کا اصل سرچشمہ عوام ہیں اور پارلیمان میں بیٹھے منتخب نمائندے اس اختیار کو عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ایک مقدس امانت کے طور پر استعمال کرتے ہیں، پارلیمان وہ اعلیٰ آئینی فورم ہے جہاں قومی مسائل پر بحث کی جاتی ہے اور عوام کی امنگوں کے مطابق قوانین وضع کیے جاتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی پارلیمانی جمہوریت نے تمام طبقات کو شامل کرنے میں نمایاں پیشرفت کی ہے، قومی اسمبلی اور سینیٹ میں خواتین، اقلیتوں، چھوٹے صوبوں اور دیگر محروم طبقات کی آواز کو مؤثر بنایا گیا ہے، خواتین اور غیر مسلم شہریوں کے لیے مخصوص نشستیں ہمارے آئینی عزم کا ثبوت ہیں، سینیٹ تمام وفاقی اکائیوں کو مساوی نمائندگی دے کر پاکستان کے وفاقی ڈھانچے کو مزید مضبوط بناتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ جمہوریت کا بنیادی تقاضا شفافیت اور معلومات تک عوامی رسائی ہے، پاکستان کی پارلیمان نے قانون سازی، پارلیمانی مباحث، کمیٹی رپورٹس اور دیگر اہم دستاویزات کو ڈیجیٹل اور پبلک کر کے عوامی دسترس میں لانے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں، پاکستان کی پارلیمان بین الاقوامی پارلیمانی سفارت کاری میں بھی انتہائی فعال ہے، بین الپارلیمانی یونین اور پارلیمانی فرینڈشپ گروپس کے ذریعے پاکستان عالمی امن، مکالمے، پائیدار ترقی، انسانی حقوق اور صنفی مساوات کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔