ویتنام نے سوشل میڈیا پر جعلی اور گمراہ کن معلومات پھیلانے والوں کیخلاف بھاری جرمانوں کا اعلان کر دیا
ہنوئی (مانیٹرنگ ڈیسک)ویتنام نے یکم جولائی سے سوشل میڈیا پر جعلی، گمراہ کن، مسخ شدہ یا ہتک آمیز معلومات پھیلانے والوں پر2 تا3 کروڑ ویتنامی ڈونگ تک جرمانے عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
’’شنہوا‘‘ کے مطابق یہ جرمانہ ان افراد پر بھی لاگو ہوگا جو قتل، تشدد، حادثات یا دیگر دل دہلا دینے والے مناظر کی تصاویر یا ویڈیوز شیئر کریں، کاپی رائٹ کے حامل صحافتی، ادبی یا فنی مواد کو اجازت کے بغیر پھیلائیں، ممنوعہ اشیاء یا خدمات کی تشہیر کریں، ویتنام کی خودمختاری کو غلط انداز میں ظاہر کرنے والے نقشے شائع کریں یا ملکی قوانین کے تحت ممنوع آن لائن مواد کے روابط شیئر کریں۔
نئے ضوابط کے مطابق تاریخ کو مسخ کرنے، انقلابی کامیابیوں سے انکار، قومی اتحاد کو نقصان پہنچانے، مذاہب کی توہین، یا جنس اور نسل کی بنیاد پر نفرت انگیزی پر مشتمل مواد شیئر کرنے پر 3 کروڑ سے 5 کروڑ ویتنامی ڈونگ تک جرمانہ کیا جائے گا، بشرطیکہ یہ جرم فوجداری کارروائی کے دائرے میں نہ آتا ہو۔اسی نوعیت کا جرمانہ ریاستی راز، ذاتی رازداری یا دیگر خفیہ معلومات افشا کرنے، عوام میں خوف و ہراس پھیلانے والی جھوٹی معلومات نشر کرنے، سماجی و معاشی سرگرمیوں یا سرکاری اداروں کے کام میں رکاوٹ ڈالنے، یا افراد اور اداروں کے قانونی حقوق کو نقصان پہنچانے والی جھوٹی معلومات پھیلانے پر بھی عائد کیا جائے گا، اگر یہ کارروائیاں فوجداری مقدمے کی حد تک نہ پہنچتی ہوں۔