وینزویلا میں زلزلوں سے ہونیوالے جانی نقصان پر 7روزہ قومی سوگ کا اعلان
کاراکس ( مانیٹرنگ ڈیسک ) وینزویلا میں زلزلوں سے ہونے والے جانی نقصان پر ایک ہفتے کے سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔
’’جیو نیوز ‘‘ نے غیر ملکی میڈیا کے حوالے سے بتایا کہ قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگز نے زلزلوں سے ہونے والے جانی نقصان پر ملک بھر میں آج سے 7 روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔زلزلوں سے ہلاکتوں کی تعداد 2300 تک پہنچ گئی جبکہ 10 ہزار 571 افراد زخمی اور 43 ہزار سے زائد افراد لاپتہ ہیں۔
ادھر اقوام متحدہ کی جانب سے یہ خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ زلزلہ متاثرین کی تعداد 68 لاکھ تک ہوسکتی ہے۔
اقوام متحدہ کے پناہ گزین ادارے یو این ایچ سی آر کے مطابق شہر لا گوائرا جو دارالحکومت کاراکاس کے شمال میں واقع ہے، زلزلے سے سب سے زیادہ متاثر ہوا وہاں خوراک کی شدید قلت ہے، بنیادی سہولیات تباہ ہو چکی ہیں اور مواصلاتی نظام تقریباً منقطع ہو گیا ہے۔