نجی تعلیمی اداروں کے لیے حفاظتی معیار سخت، نئی ہدایات جاری
ویب ڈیسک:کاہنہ اور باغبانپورہ میں پیش آنے والے حادثات کے بعد پنجاب حکومت نے نجی تعلیمی اداروں کی عمارتوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے بلڈنگ فٹنس سے متعلق نیا طریقۂ کار نافذ کر دیا ہے۔ نئی ہدایات کے تحت اسکولوں کی رجسٹریشن کو عمارت کے حفاظتی معیار سے مشروط کر دیا گیا ہے۔
محکمہ مواصلات و تعمیرات (سی اینڈ ڈبلیو) کی جانب سے بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ جاری نہ کیے جانے کے باعث حکومت نے پالیسی میں تبدیلی کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ تمام نجی اسکول پاکستان انجینئرنگ کونسل (PEC) کے رجسٹرڈ سول انجینئر یا رجسٹرڈ انجینئرنگ فرم سے بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کریں۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن نے اس حوالے سے تمام ڈپٹی کمشنرز اور چیف ایگزیکٹو آفیسرز ایجوکیشن کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے نئی پالیسی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر کسی بھی نجی اسکول کی رجسٹریشن مکمل نہیں کی جائے گی۔ اس کے ساتھ تمام نجی تعلیمی اداروں کو اپنی عمارتوں کی حفاظت سے متعلق قانونی تقاضے پورے کرنے اور مقررہ ضوابط پر عمل کرنے کا بھی پابند بنایا گیا ہے۔