سٹیٹ بینک نے بغیر قانونی اجازت بینک اکاؤنٹس بلاک کرنے سے روک دیا،نیا ہدایت نامہ جاری
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) سٹیٹ بینک آف پاکستان نے بغیر قانونی وجہ، مجاز اتھارٹی کی منظوری اور تصدیق کے اکاؤنٹس بلاک کرنے سے روک دیا ہے۔
’’دنیا نیوز ‘‘ کے مطابق عدالتی حکم پر سٹیٹ بینک نے ملک بھر کے بینکوں کو نیا ہدایت نامہ جاری کر دیا جس میں حکم دیا گیا ہے کہ غیر ارادی اور احتیاطی پابندیوں سے بھی اکاؤنٹ ہولڈرز کو نقصان نہ پہنچایا جائے۔
سٹیٹ بینک کے حکم کے مطابق یقینی بنایا جائے کسی بھی بینک اکاؤنٹ پر ڈیبٹ بلاک، آپریشنل پابندی یا اکاؤنٹ فریزنگ کا اقدام صرف قانون کے مطابق ہو جبکہ کسی بھی شہری کے اکاونٹ کے حوالے سے قانونی اختیار اور مناسب تصدیق کے بعد ہی کارروائی ہو سکے گی۔
بینک ہدایات پر مکمل عمل درآمد کیلئے مناسب اندرونی میکانزم بھی وضع کر سکتے ہیں، بینک اندرونی میکانزم سے یقینی بنائیں تاکہ قانونی اختیار کے بغیر غیر ارادی یا احتیاطی پابندیوں سے اکاؤنٹ ہولڈرز کو غیر ضروری نقصان نہ پہنچے۔
واضح رہے کہ ہائیکورٹ نے بغیر قانونی اختیار اور اتھارٹی کی منظوری سے بینک اکاؤنٹس بلاک کرنے سے روک رکھا ہے۔