پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے پارٹنر سکولوں کے فنڈز میں اضافے کی تجویز، سمری حکومت کو ارسال
جنید ریاض:پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن (پیف) کے پارٹنر سکولوں کے لیے فی طالب علم مالی معاونت میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے لیے سمری حکومت پنجاب کو ارسال کر دی گئی ہے۔
پیف حکام کے مطابق پارٹنر سکولوں کو دی جانے والی فی طالب علم مالی معاونت بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے، جس کے تحت کم از کم فی طالب علم فنڈ 2 ہزار روپے مقرر کرنے جبکہ زیادہ سے زیادہ فنڈ 2 ہزار 900 روپے تک بڑھانے کی سفارش کی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ فنڈز میں اضافے سے پیف کے پارٹنر سکولوں کے مالی وسائل بہتر ہوں گے اور تعلیمی معیار میں بہتری لانے میں مدد ملے گی۔
پیف حکام کے مطابق فنڈز میں اضافے کے بعد پارٹنر سکولوں میں اساتذہ کی تنخواہوں میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔ تمام پارٹنر سکولوں کو اساتذہ کی تنخواہیں بڑھانے کا پابند بنایا جائے گا۔
حکام نے بتایا کہ فنڈز میں اضافے کی منظوری کے بعد نئی شرح کے مطابق مالی معاونت کا اطلاق کر دیا جائے گا۔