پاکستانی زیتون کے تیل کے برانڈ نے لندن اولِیو آئل مقابلے 2026 میں گولڈ میڈل جیت لیا
لورالائی، بلوچستان (خصوصی رپورٹ) پاکستانی زیتون کے تیل کے برانڈ OEVO by Casa Loralai نے عالمی سطح پر بڑا اعزاز اپنے نام کر لیا ، لندن اولِیو آئل مقابلے 2026 میں گولڈ میڈل جیت لیا ہے۔ یہ کامیابی نہ صرف برانڈ بلکہ پورے پاکستان کے لیے فخر کا باعث ہے۔
برانڈ کے بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد حسن ترین نے اس کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ OEVO by Casa Loralai لورالائی، بلوچستان سے تعلق رکھتا ہے اور مقامی زیتون کی کاشت کو فروغ دے کر اعلیٰ معیار کا زیتون کا تیل تیار کر رہا ہے۔یہ عالمی اعزاز نہ صرف ہماری ٹیم کی محنت کا نتیجہ ہے بلکہ پاکستان کی بڑھتی معاشی اور زرعی صلاحیتوں کی عکاسی بھی کرتا ہے۔ ہمارا مقصد پاکستانی مصنوعات کو عالمی مارکیٹ میں ایک مثبت اور معیاری شناخت دلانا ہے۔
لندن اولِیو آئل مقابلہ دنیا کے معتبر ترین مقابلوں میں شمار ہوتا ہے، جہاں بین الاقوامی ججز اعلیٰ معیار، ذائقے، خوشبو اور پروڈکشن کے مختلف پہلوؤں کی بنیاد پر برانڈز کا جائزہ لیتے ہیں۔ OEVO کا گولڈ میڈل جیتنا اس بات کی دلیل ہے کہ پاکستانی زیتون کا تیل اب عالمی سطح پر مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
یہ کامیابی بلوچستان کے زرعی شعبے کے لیے بھی ایک اہم سنگ میل ہے، کیونکہ لورالائی کے علاقے میں زیتون کی کاشت کو فروغ دیا جا رہا ہے، جو مقامی معیشت اور روزگار کے لیے نئی راہیں کھول رہا ہے۔