لاہور سمیت پنجاب بھر میں شدید گرمی، یکم جولائی سے بارشوں کا امکان
ویب ڈیسک: لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں پیر کی صبح سے ہی شدید دھوپ اور گرمی کی لہر برقرار رہی، جس کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والا نیا موسمی نظام کل پاکستان میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے اثرات کے تحت پنجاب کے مختلف اضلاع میں شام کے اوقات میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یکم جولائی سے پنجاب کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور بارش کا امکان ہے، جس سے گرمی کی شدت میں کمی آنے کی توقع ہے۔
لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت چار ڈگری اضافے کے بعد 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ شدید گرمی کے دوران غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں، پانی اور دیگر مشروبات کا زیادہ استعمال کریں، جبکہ دھوپ میں نکلتے وقت سر کو ڈھانپنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کو یقینی بنائیں۔