تعلیمی اداروں میں جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ آگاہی مہم شروع کرنے کی ہدایت
علی ساہی:ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب کی ہدایت پر تعلیمی اداروں میں جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ سے متعلق خصوصی آگاہی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
ایس ایس پی ٹریفک سید ندیم عباس نے اس حوالے سے تمام سی ٹی اوز اور ڈی پی اوز کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ اسکولوں اور کالجوں میں طلبہ کو جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ، اس کے حصول کے طریقہ کار اور قانونی تقاضوں سے آگاہ کیا جائے۔
مراسلے کے مطابق اگست میں تعلیمی ادارے کھلنے کے بعد روڈ سیفٹی آگاہی مہم چلائی جائے گی، جس کے تحت محفوظ ڈرائیونگ، ٹریفک قوانین اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل پر خصوصی سیشنز منعقد کیے جائیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اہل طلبہ کو مقررہ طریقہ کار کے تحت جووینائل پرمٹ حاصل کرنے کی ترغیب دی جائے گی، جبکہ تمام اضلاع میں اس آگاہی مہم کو مؤثر انداز میں چلانے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔