قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو نشانہ بنانے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں: صدر مملکت
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بنوں اور ملحقہ علاقوں میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں منطقی انجام تک پہنچائی جائیں گی۔
ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے 24 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنا سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، عزم اور قربانیوں کا مظہر ہے۔ معصوم شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنانے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ قوم اپنی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔