ڈی آئی جی ٹریفک کی سیلابی صورتحال کے پیش نظر الرٹ رہنے کی ہدایت
لاہور(کر ائم رپو رٹر)ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے پنجاب بھر کے تمام چیف ٹریفک آفیسرز اور ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسرز کو مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی۔ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ پنجاب میں شدید بارشوں کے دوران ٹریفک کے موثر انتظامات ہر صورت یقینی بنائے جائیں اور ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، پی ڈی ایم اے سمیت تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ نشیبی علاقوں، انڈر پاسز اور بارش سے متاثرہ مقامات پر ٹریفک ڈیوٹی کو الرٹ رکھا جائے، جبکہ ممکنہ فلڈ الرٹس، بند راستوں اور متبادل روٹس سے متعلق شہریوں کو بروقت آگاہ کیا جائے۔ شہر کی اہم شاہراہوں سمیت داخلی و خارجی راستوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔محمد وقاص نذیر نے مزید ہدایت کی کہ زیادہ پانی جمع ہونے والے مقامات پر بروقت بیریئرز، وارننگ سائنز اور ٹریفک ڈائیورشن کا انتظام کیا جائے۔
جبکہ ٹریفک سٹاف پانی کھڑا ہونے کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ محکموں کو اطلاع دے۔ لفٹرز اور بریک ڈاؤن سروسز کو بھی مکمل فعال رکھا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے کہا کہ ایمرجنسی ریسپانس ٹیمیں ہر وقت تیار رہیں، امدادی ٹیموں اور ایمرجنسی گاڑیوں کے لیے راستے ہر صورت کھلے رکھے جائیں، جبکہ تمام CTOs، DTOs اور فیلڈ افسران ٹریفک انتظامات کی خود نگرانی کریں۔انہوں نے فیلڈ سٹاف کو ہدایت کی کہ دورانِ بارش چھتری اور برساتی کا استعمال کرتے ہوئے اپنی حفاظت کو یقینی بنائیں اور شہریوں کی بھرپور معاونت جاری رکھیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ٹریفک پولیس پنجاب شہریوں کے تحفظ، سہولت اور ٹریفک کی بلا تعطل روانی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔