وینزویلا میں زلزلے سے اموات 2500 سے متجاوز، 189 عمارتیں مکمل تباہ، ریاست لاگویرا میں تمام سرکاری اہلکار ہلاک، ریسکیو آپریشن جاری
کاراکاس( مانیٹرنگ ڈیسک )وینزویلا میں زلزلے سے اموات 2500 سے متجاوز، 189 عمارتیں مکمل تباہ، ریاست لاگویرا میں تمام سرکاری اہلکار موت کے منہ میں چلے گئے ۔
’’جیو نیوز ‘‘ کے مطابق وینزویلا کی عبوری صدر روڈریگز کا کہنا ہے کہ زلزلوں سے ہلاکتوں کی تعداد 2600 تک پہنچ گئی ہے۔ ریاست لاگویرا میں تقریباً تمام سرکاری اہلکار زلزلوں میں جان کی بازی ہار گئے، زلزلے کے باعث 189 عمارتیں مکمل تباہ ہو گئیں۔سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے، امدادی کارروائیاں ختم نہیں کیں، آئی ایم ایف کے ساتھ مل کر 20 کروڑ ڈالر کا تعمیر نو فنڈ قائم کیا جا رہا ہے۔
عبوری صدر وینزویلا روڈریگز کے مطابق آئی ایم ایف اور عالمی بینک نے مالی امداد اور قرض کی پیشکش کی ہے، آئی ایم ایف فنڈ سے جاری ہونے والی رقم گھروں کی تعمیر کے لیے استعمال کی جائے گی۔
واضح رہے کہ وینزویلا میں آنے والے زلزلے کے نتیجے میں زخمیوں کی تعداد 11 ہزار تک پہنچ چکی ہے جبکہ 43 ہزار سے زائد افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ اقوام متحدہ کے مطابق زلزلہ متاثرین کی تعداد 68 لاکھ تک ہوسکتی ہے۔