تنخواہوں سے کٹوتی پر پابندی، کورونا کنوینس الاؤنس سے متعلق اہم مراسلہ جاری
جنید ریاض: محکمہ تعلیم نے کورونا کنوینس الاؤنس سے متعلق اہم وضاحت جاری کرتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ کورونا لاک ڈاؤن کے دوران ملازمین کو ادا کیے گئے کنوینس الاؤنس کی کسی قسم کی ریکوری نہیں کی جائے گی۔
ڈی ای او سیکنڈری ایجوکیشن لاہور نے اس حوالے سے تمام سرکاری تعلیمی اداروں کے سربراہان کو مراسلہ جاری کر دیا ہے۔ مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ تدریسی اور غیر تدریسی عملے کی تنخواہوں سے کورونا کنوینس الاؤنس کی مد میں کوئی کٹوتی نہ کی جائے۔
مراسلے کے مطابق 32 اے چالان کے ذریعے کورونا کنوینس الاؤنس واپس جمع کرانے کی بھی ضرورت نہیں ہے، جبکہ پہلے سے شروع کی گئی ریکوری یا جمع شدہ رقم سے متعلق تمام کارروائیاں فوری طور پر روک دی جائیں۔
محکمہ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ یہ وضاحت محکمانہ اکاؤنٹس کمیٹی کے فیصلے کی روشنی میں جاری کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی ای او نے تمام اداروں کے سربراہان کو مراسلے پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے اور اس معاملے میں غیر ضروری خط و کتابت سے گریز کرنے کی ہدایت بھی کی ہے، کیونکہ اس معاملے کو نمٹا دیا گیا ہے۔