بابر اعظم کی بطور کپتان واپسی: ’حیرت ہے بابر ہر بار کپتانی کیسے قبول کر لیتے ہیں؟‘
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے بابر اعظم کو کپتان مقرر کیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز 25 جولائی سے 6 اگست تک کھیلی جائے گی جس کے بعد انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز 19 اگست سے شروع ہو گی جو 13 ستمبر تک جاری رہے گی۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے لیے 16 رکنی جبکہ انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے 17 رکنی سکواڈ کا اعلان کیا گیا ہے۔
سعود شکیل کو انگلینڈ سیریز کے لیے 17ویں کھلاڑی کے طور پر شامل کیا گیا ہے، تاہم ان کی شمولیت فٹنس سے مشروط ہو گی۔
سکواڈ میں چار ایسے کھلاڑی بھی شامل ہیں جنھوں نے اب تک ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو نہیں کیا۔ ان میں بائیں ہاتھ سے بالنگ کروانے والے سپنر علی عثمان، دائیں ہاتھ کے بلے باز محمد اویس ظفر، دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر عبید شاہ اور وکٹ کیپر بیٹسمین محمد غازی غوری شامل ہیں۔
پاکستان ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنا پہلا میچ 25 سے 29 جولائی تک تاروبا کے برائن لارا کرکٹ اکیڈمی میں کھیلے گا جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ دو اگست سے پورٹ آف سپین کے کوئینز پارک اوول میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ 19 تا 23 اگست کو لیڈز میں کھیلا جائے گا جبکہ لارڈز میں دونوں ٹیموں کے درمیان 27 سے 31 اگست تک دوسرا ٹیسٹ کھیلا جائے گا۔
دونوں ٹیمیں سیریز کا آخری ٹیسٹ نو ستمبر سے برمنگھم میں کھیلیں گی۔