چین کے چڑیا گھر میں ریچھ بننے کی نوکری،سالانہ ایک لاکھ یوآن تنخواہ کا اشتہار وائرل
چین کے ایک چڑیا گھر کی جانب سے ریچھ کا لباس پہن کر زائرین کو محظوظ کرنے کے لیے ملازمین کی بھرتی کا منفرد اشتہار سوشل میڈیا پر صارفین کی توجہ کا مرکز بنا ہواہے۔
چین کے صوبہ ہینان کے شہر لووہے میں واقع ایک چڑیا گھر نے ملازمت کا دلچسپ اشتہار جاری کیا ہے، جس میں افراد کو سیاہ ریچھ کا لباس پہن کر چڑیا گھر میں گھومنے اور آنے والے مہمانوں کے ساتھ تفریحی انداز میں وقت گزارنے کی دعوت دی گئی ہے۔
اشتہار کے مطابق منتخب امیدواروں کو سالانہ ایک لاکھ یوآن، یعنی تقریباً 15 ہزار امریکی ڈالر تنخواہ دی جائے گی۔ ملازمت کے لیے مرد و خواتین دونوں درخواست دے سکتے ہیں، تاہم امیدوار کی عمر کم از کم 18 سال اور جسمانی صحت بہتر ہونا ضروری ہے۔
اس منفرد ملازمت میں روزانہ 6 گھنٹے کام کرنا ہوگا جبکہ ملازمین کو ماہانہ 4 چھٹیاں بھی فراہم کی جائیں گی۔چڑیا گھر کی انتظامیہ کے مطابق ریچھ کا کردار ادا کرنے والے ملازمین کو زائرین سے بات کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، البتہ وہ ریچھوں جیسی آوازیں نکال سکیں گے۔ تاہم ہنگامی صورتحال یا مدد کی ضرورت پڑنے پر بولنے کی اجازت ہوگی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ملازمین کو سیاحوں کی جانب سے پیش کیے جانے والے کھانے پینے کی اشیا بھی قبول کرنا ہوں گی۔
اشتہار میں اس ملازمت کو چڑیا گھر کی سب سے آزاد نوکری قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اگر ملازم تھکا ہوا محسوس کرے تو آرام سے لیٹ سکتا ہے، جبکہ توانائی محسوس ہونے پر ناچ سکتا ہے، درختوں پر چڑھ سکتا ہے یا مچھلی پکڑنے جیسی سرگرمیوں میں حصہ لے سکتا ہے۔
چڑیا گھر کے مطابق یہ ملازمت ملنسار اور کم گو، دونوں قسم کے افراد کے لیے موزوں ہے کیونکہ اس میں زبانی گفتگو کی ضرورت نہیں ہوتی۔اشتہار میں امیدواروں کو ترغیب دی گئی کہ وہ جتنا منفرد اور مزاحیہ انداز اپنائیں گے، اتنے ہی زیادہ مقبول ہوں گے۔
رپورٹس کے مطابق ملازمت کی تمام اسامیاں چند ہی دنوں میں پُر ہو گئیں جبکہ 100 سے زائد افراد نے درخواستیں جمع کرائیں۔