اسلام آباد: وزارت داخلہ نے پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف کارروائی مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
وزارت داخلہ کے مطابق 10 جولائی سے بغیر ویزہ رہنے والے افغان شہریوں کے خلاف کارروائی شروع کی جائے گی اور انہیں گرفتار کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق تمام صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد انتظامیہ کو غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی نشاندہی، گرفتاری اور ملک بدری کے عمل کو تیز کرنے کے احکامات دیے گئے ہیں۔
وزارت داخلہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ کارروائیوں کی روزانہ رپورٹ مرتب کرکے وزارت کو ارسال کی جائے، جبکہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی شہریوں کے خلاف قانون کے مطابق اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔