بھارتی ریاست ہریانہ میں شوہر نے نئی نویلی دلہن کو قتل کیا پھر گرل فرینڈ کیساتھ نیپال فرار ہو گیا
ہریانہ ( مانیٹرنگ ڈیسک ) بھارتی ریاست ہریانہ کے ضلع گروگرام میں شوہر نے اپنی نئی نویلی دلہن کو قتل کیا اور پھر گرل فرینڈ کے ساتھ نیپال فرار ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق ضلع گروگرام کے علاقے مانیسر میں پیش آیا، جہاں 25 سالہ شوہر انکیت نے مبینہ طور پر اپنی بیوی کو گولی مار کر قتل کر دیا ۔واقعہ اس وقت سامنے آیا جب لڑکی کی والدہ نے 22 مئی کو پولیس اسٹیشن میں بیٹی کے شوہر اور سسرال والوں کے خلاف مقدمہ درج کروایا۔خاتون نے مؤقف اختیار کیا کہ میری بیٹی کی شادی رواں سال فروری میں انکیت سے ہوئی تھی، بیٹی سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تو کوئی جواب نہیں ملا پھر سسرال والوں سے رابطہ کیا تو انہوں نے بھی کوئی تسلی بخش جواب نہیں دیا۔
’’جنگ ‘‘ کے مطابق پولیس کی تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ انکیت نے اپنی گرل فرینڈ رجنی کے ساتھ مل کر بیوی کو قتل کر دیا ہے جس کی لاش گرل فرینڈ کے کرائے پر لیے ہوئے کمرے سے برآمد ہوئی۔انکیت کی شادی کو صرف 3 ماہ ہی ہوئے تھے جبکہ گرل فرینڈ رجنی کے ساتھ اس کا گزشتہ 3 سال سے تعلق تھا۔انکیت اور رجنی قتل کرنے کے بعد نیپال فرار ہو گئے تھے اور جیسے ہی بھارت واپس آئے تو انہیں کرائم برانچ کی ٹیم نے فوری طور پر گرفتار کر لیا۔