فرانس کے یومِ جمہوریہ ے موقع پر دارالحکومت پیرس کی معروف شاہراہ شانزے لیزے پر فوجی پریڈ ، شہریوں کی بڑی تعداد امڈ آئی
پیرس(زاہد مصطفیٰ اعوان) فرانس کے یومِ جمہوریہ (14 جولائی) کے موقع پر دارالحکومت پیرس کی معروف شاہراہ شانزے لیزے (Champs-Élysées) پر شاندار فوجی پریڈ کا انعقاد کیا گیا، جس میں فرانسیسی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، عسکری نظم و ضبط اور قومی یکجہتی کا بھرپور مظاہرہ کیا گیا۔
تقریب میں فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون، حکومتی شخصیات، سفارتی نمائندوں اور ہزاروں شہریوں نے شرکت کی۔ پریڈ کا آغاز فضائیہ کے شاندار فلائی پاسٹ سے ہوا، جس کے بعد بری فوج، بحریہ، فضائیہ، جینڈارمری، فائر اینڈ ریسکیو اور دیگر سکیورٹی اداروں کے دستوں نے مارچ پاسٹ کیا۔
اس سال کی تقریب میں یورپی اتحادی ممالک اور یوکرین سے وابستہ دستوں کی شرکت بھی خصوصی توجہ کا مرکز رہی، جسے یورپی اتحاد اور مشترکہ دفاعی تعاون کی علامت قرار دیا گیا۔
شانزے لیزے کے دونوں اطراف ہزاروں شہری اور سیاح پریڈ دیکھنے کے لیے موجود تھے، جنہوں نے فرانسیسی افواج کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ یومِ جمہوریہ کی تقریبات کے سلسلے میں پیرس اور ملک بھر میں سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے، جبکہ مختلف مقامات پر قومی پرچموں اور خصوصی سجاوٹ سے جشن کا سماں رہا۔