پاکستان، افغانستان، ازبکستان ریلوے منصوبے کی فزیبلٹی سٹڈی معاہدے پر دستخط
پاکستان، افغانستان اور ازبکستان کے وزرائے خارجہ کی موجودگی میں جمعرات کو کابل میں امارتِ اسلامیہ کے وزارتِ فوائد عامہ، ازبکستان کے وزارتِ ٹرانسپورٹ اور پاکستان کے وزارتِ ریلوے کے درمیان سہ ملکی ریلوے منصوبے کی فزیبلٹی سٹڈی سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیے گئے۔
پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار جمعرات کو ازبکستان-افغانستان-پاکستان (یو اے پی) ریلوے منصوبے، جسے ٹرانس افغان ریلوے منصوبہ بھی کہتے ہیں، کی مشترکہ فزیبلٹی سٹڈی کے لیے سہ فریقی فریم ورک معاہدے پر دستخط کی غرض سے کابل گئے تھے۔
پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جمعرات کو جاری کیے گئے بیان میں بتایا گیا تھا کہ نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران ’پاکستان اور افغانستان نے دوطرفہ تعلقات کی موجودہ رفتار برقرار رکھنے سمیت تجارت، ٹرانزٹ اور سکیورٹی کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے کوششیں تیز کرنے پر زور دیا تاکہ دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ پہنچ سکے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’فریقین نے علاقائی اقتصادی ترقی کے بھرپور مواقعے سے مستفید ہونے کے لیے رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا، جس میں بین العلاقائی رابطوں کے منصوبوں کو عملی شکل دینا بھی شامل ہے۔